سوال
بسااوقات میں نماز میں بھول جاتاہوں مجھے یہ معلوم نہیں ہوتاکہ میری کون سی رکعت ہے ایسی صورت میں مجھے کیاکرناچاہیے؟
جواب
تعداد رکعات میں بھول جانے یاشک کی صورت میں شرعی حکم یہ ہے کہ اگریہ بھولناپہلی مرتبہ ہواہے تونمازی کے لیے نئے سرے سے دوبارہ نمازپڑھناافضل ہے۔اگرباربارشک ہواکرتاہے(بھولتاہے)توپھرغالب گمان پرعمل کرناچاہیے،یعنی جتنی رکعتیں غالب گمان سے یادہوں اسی قدررکعتیں سمجھے کہ پڑھ چکاہے،اوراگرغالب گمان بھی کسی جانب نہ ہوتو اس صورت میں کمی کی جانب کواختیارکرے،مثلاً ظہرکی نمازمیں شک ہواکہ تین رکعات پڑھ چکاہے یاچار،اگرغالب گمان کسی طرف نہ ہوتواس کوتین رکعتیں شمارکرے۔اسی طرح طرح دویاایک رکعت میں شک ہوجائے اورگمان غالب نہ ہوتواس کوایک شمارکرے اوربقیہ رکعتیں پڑھ کرنمازمکمل کرے اورآخرمیں سجدہ سہوبھی کرے۔(فتاویٰ شامی،2/92.93،ط:سعید)