سوال
گھر سے آفس آتے ہوئے راستے میں روڈ پر پانی پڑا ہوتا ہے ، جس کی وجہ سے چھینٹیں کپڑوں پر لگ جاتی ہیں ، اس صورت میں ہمیں کیا کرنا چاہیے ؟کیا اس سے کپڑے ناپاک ہوجائیں گے ؟
جواب
اگر سڑک پر جمع شدہ پانی پاک ہو، یا بارش کا پانی ہو ،اور اس کی چھینٹیں کپڑوں پر پڑجائیں تو اس سے کپڑے ناپاک نہیں ہوں گے، ایسے کپڑوں میں نماز کی ادائیگی درست ہیں ، انہیں دھونے کی بھی حاجت نہیں ۔
البتہ اگر ناپاک پانی ہو، جیسے گٹر وغیرہ کا پانی روڈوں پرآجاتاہے ، اور اس گندے پانی کی چھینٹیں کپڑوں پر لگی ہیں اور یہ اتنی مقدار میں لگی ہوں کہ ان کا مجموعہ آدمی کے ہاتھ کی ہتھیلی کے گہراؤسے زیادہ ہے، اس صورت میں ایساکپڑا ناپاک ہوجائے گا، جہاں یہ چھینٹیں لگی ہیں اس جگہ کو تین بار دھوکر پھر نماز ادا کی جائے،ایسے کپڑے کو دھوئے بغیر نماز ادا کرنا جائز نہیں۔لیکن اگر یہ چھینٹیں سوئی کے سرے کی مانند انتہائی چھوٹی ہوں ، جو نظر بھی نہ آئیں ، تو انہیں دھوئے بغیر بھی ایسے کپڑوں میں نماز ادا ہوجائے گی۔فقط واللہ اعلم