سوال
جمعہ کے دن سورہ کہف اگر نماز سے پہلے نہ پڑھ سکیں ، توکیا نماز کے بعد پڑھ سکتے ہیں؟
جواب
جمعہ کے دن سورہ کہف پڑھنے کی حدیث شریف میں بڑی فضیلت آئی ہے، مشکوۃ شریف میں ہے:”حضرت ابوسعید رضی اللہ تعالیٰ عنہ راوی ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جو شخص جمعہ کے دن سورہ کہف پڑھتا ہے تو اس کے لیے دوسرے جمعہ تک ایک نورروشن رہتا ہے(یعنی اس کا دل ایمان وہدایت سے منور رہے گا)۔”سورہ کہف جمعہ کی شب یاجمعہ کے دن کے اوّل حصہ میں پڑھناافضل ہے،البتہ اگرکوئی اول حصہ میں نہ پڑھ سکے تو نمازِجمعہ کے بعد بھی سورہ کہف پڑھ سکتے ہیں۔فتاوی شامی میں ہے:”قولہ ( قراء ۃ الکہف ) أی یومہا ولیلتہا والأفضل فی أوّلہما مبادرۃ لِلخیر وحذرا من الإہمال”۔(مشکوۃ المصابیح،کتاب فضائل القرآن،1/189،ط:قدیمی کراچی-فتاویٰ شامی،مطلب مااختص بہ یوم الجمعۃ،2/164،ط:دارالفکر بیروت)