کھانے کی ابتداء اوراختتام پر نمک کا استعمال

-->

سوال

کیاکھاناکھانے کے شروع میں اور کھانے کے آخرمیں نمک کاکھاناسنت ہے؟یہ عمل کسی حدیث وغیرہ سے ثابت ہے یا نہیں؟

جواب

نمک سے کھانے کے آغازاوراختتام کوفقہائے کرام نے کھانے کے آداب میں شمارکیاہے،اوراس کی بنیادبیہقی شریف کی روایت ہے جوحضرت علی رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ:جس شخص کے کھانے کی ابتداء نمک سے ہووہ ستربیماریوں سے محفوظ رہتاہے۔نیزسنن ابن ماجہ میں حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:تمہارے سالنوں کا سردار نمک ہے۔البتہ کھانے کی ابتداء اورانتہاء نمک کے ساتھ کرنے کوسنت نہیں کہاجاسکتا،اوراس سلسلہ میں نقل کی جانے والی روایات محدثین کے اصولوں کے مطابق درست نہیں ہیں۔مفتی رشید احمد لدھیانوی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:”کھانے کی ابتداء وانتہاء میں نمک چکھنے کے بارے میں جو اقوال کتب متداولہ میں مذکورہیں،وہ کسی صحیح حدیث سے ثابت نہیں،اس بارے میں جتنی بھی احادیث ہیں سب موضوعہ ہیں،لہذا ابتداء وانتہاء طعام بالملح کوسنت قرار دینا تسامح ہے۔”(شعب الایمان 8/100،ط:ریاض-احسن الفتاوی،مسائل شتی9/91،ط:سعید -امدادالفتاویٰ 4/113،ط:مکتبہ دارالعلوم کراچی)

اپنا تبصرہ بھیجیں