سوال
مجھے مختلف قسم کے وسوسے آتے ہیں،میں اپنے ایمان کے لیے پریشان ہوجاتاہوں ، براہ کرم ان کاکوئی علاج یاکچھ پڑھنے کے لیے بتائیں۔
جواب
غیراختیاری طورپروساوس کاآناایمان کے منافی نہیں ہے،اور نہ ہی آپ گناہ گارہوں گے،البتہ ان کاعلاج یہ ہے کہ ممکن حدتک آپ اس طرح کے فاسدخیالات اور وسوسوں کودورکرنے کی کوشش کریں،اور جب کبھی بھی وسوسہ آئے تو”أعوذ باللہ من الشیطان الرجیم”پڑھیں،بخاری شریف میں سیدناابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:” شیطان تم میں سے کسی کے پاس آتا ہے اور کہتا ہے کہ فلاں چیز کو کس نے پیدا کیا؟ اور فلاں کو کس نے؟ حتیٰ کہ یہ کہتا ہے کہ (بتاؤ) تمہارے رب کو کس نے پیدا کیا؟ جب یہاں تک معاملہ پہنچ جائے تو اللہ سے پناہ مانگنا اور خاموش ہو جانا چاہیے۔نیز حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہماسے منقول ہے کہ وساوس دورکرنے کے لیے سورہ حدید کی آیت ”ہُوَ الْأَوَّلُ وَالْآخِرُ وَالظَّاہِرُ وَالْبَاطِنُ وَہُوَ بِکُلِّ شَیْءٍ عَلِیمٌ”پڑھنی چاہیے۔(تفسیرمعارف القرآن،8/292،ط:مکتبہ معارف القرآن)