کیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی کو بد دعا دی؟

-->

سوال

کیاآپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی کسی کوبددعادی ہے؟

جواب

کفاراورظالموں کے لئے بعض مواقع پررسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بددعافرمائی ہے۔چناں چہ بخاری شریف میں حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہماسے روایت منقول ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپناخط کسریٰ بادشاہ کوبھیجا،جب کسریٰ نے اس خط کوپڑھاتوچاک کرڈالا،آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے لئے بددعاکی کہ وہ بالکل پارہ پارہ

کردیئے جائیں۔نیزبخاری شریف میں حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہجرت کے لئے مدینہ منورہ روانہ ہوئے تو سراقہ بن مالک بن جعشم آپ کے تعاقب میں لگ گیا،آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے لئے بددعاکی تواس کاگھوڑازمین میں دھنس گیا،بعدازاں اس نے وعدہ کیاکہ میں آپ کوکوئی ضررنہیں پہنچاؤں گاتوآ پ علیہ الصلوۃ والسلام نے اس کے لئے دعافرمائی۔ نیز مشکوۃ شریف ودیگرکتب حدیث میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے والدین کی خدمت نہ کرنے والے ،رمضان المبارک میں پروانہ مغفرت کے حصول سے غافل اورآپ علیہ الصلوۃ والسلام کا اسمِ گرامی سن کردرودنہ بھیجنے والے افرادکے لئے بھی بددعائیہ جملہ(ان کا ناک خاک آلودہ ہویعنی ذلیل وخوارہوں) منقول ہے۔مسلم شریف کی ایک روایت میں حضرت سلمہ بن اکوع رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ ایک شخص نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے بائیں ہاتھ سے کھایا،آپ علیہ الصلوۃ والسلام نے اسے نصیحت فرمائی کہ دائیں ہاتھ سے کھاؤ،اس شخص نے نصیحت پرعمل کرنے کی بجائے جواب دیاکہ میں داہنے ہاتھ سے نہیں کھاسکتا،آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاتمہیں داہنے ہاتھ سے کھانے پر کبھی قدرت نہ ہو،راوی کہتے ہیں کہ اس کے نتیجے میں وہ شخص اپناداہناہاتھ منہ تک پہنچانے پرکبھی قادرنہ ہوسکا۔اسی طرح بعض کفارمکہ اوررعل وذکوان وغیرہ قبائل کے لئے بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بددعافرمائی ہے جنہوں نے مسلمانوں کواذیت میں مبتلاکررکھاتھا،اوربعض نے صحابہ کرام ؓ کوتبلیغ کی غرض سے اپنے ہمراہ لے جاکرعہدشکنی کرتے ہوئے شہید کردیاتھا۔البتہ جب آیت کریمہ ”لیس لک من الامرشیئٌ”نازل ہوئی توا س کے بعدآپ نے بددعافرماناترک کردیاتھا۔ (صحیح بخاری،کتاب العلم،باب مایذکرفی المناولۃ..1/15،ط:قدیمی کراچی-ایضاً-1/555-مشکوۃ المصابیح،کتاب الآداب،باب البروالصلۃ، 1/418،ط:قدیمی کراچی-صحیح مسلم،باب آداب الطعام والشراب واحکامہما،2/171،ط:قدیمی)

اپنا تبصرہ بھیجیں