سوال
مفتی صاحب آپ جانتے ہیں کہ آج کل نوجوان لوگ ایک گیم کھیلنے میں مشغول ہیں جس کو پب جی کہتے ہیں، میرا ایک کزن ہے وہ بھی یہ گیم بہت زیادہ کھیلتا ہے، میں نے اسے منع کیا کہ یہ گیم نہ کھیلو، علماء نے اس کے کھیلنےسے منع کیاہے، مگر وہ پھر بھی باز نہیں آتا۔ آپ بتائیں کہ کیا یہ گیم کھیلنا جائز ہے ؟
جواب
شرعی اعتبار سے پب جی (PUBG) گیم کھیلنا جائز نہیں ہے۔اس لیے کہ اس گیم میں کئی مفاسد موجود ہیں۔اس گیم کے کھیلنے میں دینی یا دنیوی کوئی فائدہ موجود نہیں ، محض وقت کا ضیاع ہے۔اور عام طور پر یہ گیم کھیلنے والے لوگ اس گیم کے کھیلنے میں ایسے مشغول ہوجاتے ہیں کہ وہ اپنی دینی اور دنیوی اہم ذمہ داریوں سے بھی غافل ہوجاتے ہیں۔ایسے لوگوں کا دماغ منفی سوچ کی جانب بڑھتا ہے ، اسی لیے گزشتہ عرصے میں اخبارات میں شائع شدہ خبروں کے مطابق یہ گیم کھیلنے والے نوجوان خودکشی اور قتل و غارت میں مبتلا ہوگئے۔ نیز اس گیم میں جاندار کی تصاویر بھی موجود ہوتی ہیں جو کہ شرعاً ناجائز ہیں۔لہذا اس گیم کے کھیلنے والوں کو نرمی اور مصلحت سے سمجھاتے رہنا چاہیے تاکہ وہ اس بے کار اور لایعنی مشغلے میں لگ کر اپنے دین اور دنیا کو تباہ نہ کریں۔ فقط واللہ اعلم